نارووال،ستمبر 12 (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرشاہدفریدنے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر سے پھیلنے والی امراض کو روکنے کےلئے ترجیحی بنیادوں پرعملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،قبرستانوں سمیت پارکس ودیگرمقامات کی کڑی چیکنگ کی جائےاورہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کے خاتمہ کےلئے متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی کے تدارک بارے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسی ای او ہیلتھ،ڈی ایچ او،پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹرسمیت محکمہ تعلیم،ہائرایجوکیشن،ماحولیات،سول ڈیفنس،پاپولیشن،انڈسٹریز،زکوت،زراعت،سپورٹس،ریسکیو1122، اور دیگرتمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنارووال نے اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران سےفردافرداڈینگی سرویلینس کے حوالے سےٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئےہدایات جاری کیں کی حالیہ موسم میں ڈینگی لاروے کے افزائشِ کا خطرہ ہے اس لیے ڈینگی سپرے موثر طریقے سے کیا جائے تاکہ لاروے کی افزائش نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ اینٹی ڈینگی ٹیمیں جوہڑ، قبرستانوں اور نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاسی یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت کے افسران ڈینگی کی سرویلنس کےلئے روزانہ کی بنیاد پر حساس مقامات کا وزٹ کریں اور ڈینگی کے خاتمہ کےلئے مشنری جذبہ کے تحت کام کریں۔انہوں نےمزید کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔بہتر کارکردگی نہ دینے والے افسران اور ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔قبل ازیں محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کے خاتمہ کےلئے کئے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔