ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں تیز کریں؛ ڈپٹی کمشنر نارووال

8

نارووال،19 ستمبر ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شاہد فرید نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کریں کیونکہ رواں موسم لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے سازگار ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے خطرات موجود ہیں۔

 انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو  پورا کریں اور کوتاہی کی صورت میں وہ ذمہ دارہونگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد فرید نے فیلڈ میں سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں،اس سلسلے میں قبرستانوں،کباڑ خانوں،پودوں کی نرسریوں،زیرتعمیر عمارتوں اور دیگر ذرائع کو باربار چیک کریں۔ انہوں  نے کہا کہ تمام محکمے اینڈ رائڈ موبائل فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں، ڈینگی کے خاتمے کے لئے ہرممکن وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے،اس سلسلے میں ضروری انسدادی کارروائیوں پر عملدرآمد کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔

اجلاس میں ڈی  او ہیلتھ ڈاکٹر محمدطارق نے سرویلنس سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدحنیف،اسسٹنٹ کمشنرظفروال ڈاکٹرارشدوٹو،ڈی آئی او احسان الحق چوہدری کے علاوہ محکمہ ہیلتھ،ایجوکیشن،زراعت،انڈسٹریز،سول ڈیفنس دیگر تمام ڈیپاٹمنٹس کے افسران موجود تھے۔