اسلام آباد،15ستمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ ملک میں کتب بینی کے کلچر کو بحال کرنے کے لئے مقامی ادیبوں کی کتب کی پذیرائی انفارمیشن سروس اکیڈمی (آئی ایس اے) کے فرائض میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں ”دی ٹریژر ان دی وسپرنگ پائنز” کے عنوان سے کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ نیشنل بک سینٹر کے ذریعے بہت زیادہ ٹیلنٹ دریافت کیا گیا جو مقامی لکھاریوں کے کام کو سراہتا تھا۔
سیکریٹری اطلاعات و نشریات نے ”دی ٹریژر ان دی وسپرنگ پائنز” کو ”شاہکار” قرار دیا اور اس کے مصنف ایس ایم الیاس کی کاوش کی تعریف کی جو وزارت اطلاعات و نشریات میں بطور ڈائریکٹر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایس ایم الیاس کےگراں قدر کام پر فخر ہے اور مزید کتابیں لکھنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں خدمات انجام دینے والے انفارمیشن افسران ملک کا اثاثہ ہیں۔ اس موقع پر کتاب کے مصنف نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ یہی موقع ہے کہ ملک میں کتب بینیکے کلچر کو بحال کیا جائے۔ میں ان دوستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے اس کاوش پر میری حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزید کتابیں لکھیں گے تاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
اس موقع پر سابق انفارمیشن آفیسر ملک محمد اشرف نے ایس ایم الیاس کو بہترین ناول لکھنے پر مبارکباد دی۔ انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سعید جاوید نے معزز مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر اظہار تشکر کیا اور ایس ایم الیاس کو اپنی پہلی کتاب کی رونمائی پرمبارکباد پیش کی۔