یونیسف کا ضلع ڈی جی خان اور راجن پور میں تعلیم اور صحت کیلئے 9 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا عندیہ

10

ملتان، 18 ستمبر (اے پی پی ): جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے اقدامات  تیز کردئے ہیں جبکہ سیلاب سے تباہ ہونیوالے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے  بارے کوششیں بارآور ثابت ہونے لگی ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں اور عورتوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی بارے بھی پنجاب حکومتب نے  لائحہ عمل تیار کرلیاہے جس پر عملدرآمد کرنے میں بین الاقوامی ادارے بھی حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔ یونیسف نے  ضلع ڈی جی خان اور راجن پور میں تعلیم اور صحت کے شعبے کے لئے9 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

 اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کے آفس میں یونیسف کے ایک وفد کو  سیلاب متاثرہ علاقے بارے بریفنگ دی گئی۔وفد کی قیادت  یونیسف  پاکستان کے سربراہ عبداللہ فادل کررہے تھے جبکہ یونیسف کے چیف فیلڈ آفیسر نگانبی ولبراڈ  اور دیگر ممبران وفد میں شامل تھے۔

 اس موقع پرکمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن لیاقت چٹھہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے اسی ماہ مکمل کر لیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں سیلاب سے 62 اموات واقع ہوئی ہیں۔

لیاقت چٹھہ نے بتایا کہ سیلاب سے ڈی جی خان کے 85 اور راجن پور کے 18سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ان اضلاع میں 43بنیادی مراکز صحت مکمل متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رودکوہیوں سے ڈی جی خان اور راجن پور کی نہروں کو431 مقامات پر کٹ لگے ہیں اور نہری نظام بری طرح متاثر ہونے سے آبپاشی اور لائیوسٹاک کے لئے پانی کی فراہمی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے جس سے نمٹنے کے لئےحکومت پنجاب نہری نظام کی بحالی کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔

کمشنر ڈی جی خان لیاقت چٹھہ نے بتایا کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور آبادی کاری کا حکم دیا ہے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر سیلاب سے تباہ ہونیوالے سکولوں میں فوری طور پر تعلیمی سرگرمیاں شروع کے خواہاں ہیں تاکہ بچوں کی تعلیم میں ہرج نہ آئے۔انہوں نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا یونیسف کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

 یونیسف کے سربراہ عبداللہ فادل نے اس موقع پر کہاکہ یونیسف کی جانب سے ڈی جی خان اور راجن پور کے سیلاب  سے تباہ ہونیوالے سکولوں میں عارضی لرنگ سنٹر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سکولوں کے بچوں کویونیفارم، سٹیشنری اور کتابیں مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ سکولوں میں پلے ایریا اور ٹائلٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ یونیسف کی کوشش ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے سکولوں  سے ڈراپ آوٹ اور چائلڈ لیبر کو روکا جائے۔

عبداللہ فادل نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غذائیت کا شکار بچوں کے علاج کے لئے  اقدامات کئے جائیں گے اور سیلاب متاثرہ آبادیوں میں  پینے کےصاف  پانی کی فراہمی اور خواتین کے لئے بیت الخلاء بھی تعمیر کئے جائیں گے۔