فیصل آباد ،24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہےکہ اسمبلی اورحکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور لانگ مارچ کی آڑ میں کسی کو امن وامان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی ، فواد چوہدری سمیت عمران خان کے دیگر ہم نوا دیکھ لیں کہ عمران خان کو نہ صرف توشہ خانہ کیس میں نا اہل قرار دیا گیا ہے بلکہ یہ سرٹیفائیڈ چور اب جلد فارن فنڈنگ کیس اور اس کے بعد ٹیریان کیس میں بھی نااہل ہونے جا رہا ہے جس میں اس نے ایک نہیں پانچ پانچ جعلی و جھوٹے بیان حلفی جمع کروارکھے ہیں۔
پیر کی شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں طلال چوہدری نے کہا کہ جو ریاست مدینہ کے نعرے لگالگا کر اور خود کو صادق اور امین قرار دیتے ہوئے نہیں تھکتا تھا اس نے توشہ خانہ کو کم از کم50 کروڑ کا ٹیکہ لگایا ہے ، صرف قیمتی گھڑیاں ہی نہیں بلکہ تحفہ میں ملنے والے مہنگے پرفیوم، ہیرے جواہرات اورجیولری بکسز، ٹی سیٹ، آئی فون،لاکٹ، انگوٹھیاں، گلدان، ٹشو بکس، سینریاں اور پتہ نہیں کیا کچھ اونے پونے ہڑپ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ بے ایمانی کی انتہا دیکھیں کہ 3 لاکھ کے آئی فون کی پہلے قیمت 35 ہزار لگائی اور پھر اس کا 20 فیصد دیکر 7،8 ہزار میں فون اپنے پاس رکھ لیا۔
سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان، انکی اہلیہ پنکی پیرنی اور ان کی دوست گوگی نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ دنیا بھر میں ہمارے سر شرم سے جھکا دیئے یہی نہیں بلکہ ان کے دائیں بائیں حواریوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں سعودی عرب جاتے ہوئے یہ ڈر محسوس ہورہا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی گھڑیوں اور دیگر تحائف بارے پوچھ لیا تو ہم ان کو کیا منہ دکھائیں گے اور کیا جواب دیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نام نہاد صادق اور امین 8سال تک سٹے کے پیچھے چھپتا رہا، کبھی توشہ خانہ میں سٹے، کبھی فارن فنڈنگ میں سٹے اور کبھی ٹیریان کیس میں سٹے، لیکن اب اس کے بے نقاب ہونے کا وقت آگیا ہے کیونکہ انصاف کی فراہمی میں جتنی مرضی تاخیر کروالی جائے ان اوپن اینڈ شٹ کیسز میں ایک نہ ایک دن فیصلہ آنا ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن یہ فیصلہ نہیں کرسکتا اسلئے وہ پوچھتے ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن یہ فیصلہ نہیں کرسکتا تو اسے بنایا کس لئے گیا ہے۔
سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی یہ عادت ہے کہ وہ چور بھی ہے اور چتر بھی، یہ قانون پامال کرتا ہے، اداروں کو گالیاں دیتا ہے، بدزبانی کرتا ہے اور پھر بیک ڈور رابطے کرکے معافیاں بھی مانگتا ہے کہ اسے، اس کی بیوی پنکی پیرنی اور گوگی کو کچھ نہ کہیں لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اب اس کو کوئی این آراو نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی پیشکش کی تھی اور اب بھی کرتے ہیں کہ اگر عمران خان نے مذاکرات کرنے ہیں تو بیٹھ کر میثاق معیشت پر، میثاق جمہوریت پر، غربت اور مہنگائی کے خاتمہ پر، ملکی تعمیر و ترقی پر اور قومی فلاح کے معاملات پر بات کرے لیکن وہ اگر ہمیں اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی دیکر مرعوب کرنے کی کوشش کرے تو ایسا نہیں ہوگا اور اگر امن و امان میں خلل ڈالنے کی جرات کی گئی تو اسے بھی برداشت نہیں کیا جا ئے گا تاہم پرامن احتجاج سب کا حق ہے لہٰذا اگر وہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو آئیں متعلقہ فورم پر بات کریں، ایک مخصوص جگہ سلیکٹ کریں اور وہاں ایک دن کیا ہزار دن بیٹھیں جہاں ہم انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے لیکن اگر وہ چاہیں کہ وہ جو مرضی کرلیں تو اب ایسا نہیں ہوگا۔
معروف سینئر صحافی ارشد شریف کی کینیامیں ایک افسوسناک واقعہ میں ہلاکت کے واقعہ پر گہرے دکھ اور دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کی والدہ سے رابطہ سمیت کینیا کی حکومت سے اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ کیا ہے اور ان سے دلی ہمدردی کے اظہار سمیت اس واقعہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے لیکن چونکہ یہ ایک غیر ملک کا معاملہ ہے اسلئے ان کی طرف سے تفصیلی انکوائری رپورٹ ملنے کا انتظار ہے لیکن ہمارے ہائی کمشنر اور دیگر حکام وہاں موجود اور ان کی میت جلد از جلد وطن واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں جس کیلئے انہیں ضروری ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور اس ضمن میں تمام انتظامات بھی مکمل کئے جارہے ہیں۔