اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہاکہ اعتزاز احسن کا آج کا بیان عدالتی سسٹم کا مذاق اڑا رہا ہے،عدلیہ سے اعتزاز احسن کے بیان کا ازخودنوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔منگل کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اعتزاز احسن سے کہتا ہوں کہ ثبوت ہیں تو عدالت لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کو عدالتی پروسیجر کے تحت ریلیف ملا، اعتزاز احسن کا بیان ان کے بغض کو ظاہر کرتا ہے، حقائق کے منافی بات کرنے پر جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عمران خان کی حکومت کا ایک ایک دن اور ہر ظلم یاد ہے،عمران خان کی حکومت میں رانا ثنااللہ اور احسن اقبال پر مقدمے بنے، کیا اعتزاز احسن نے رانا ثنا اور احسن اقبال کے خلاف مقدموں پر بات کی؟انہوں نے کہا کہ ا عتزاز احسن قابل احترام ہیں لیکن حقائق کے منافی بات کرنے پر جواب دینے کا حق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف،شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور مریم نواز نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ،اعتزاز احسن کا آج کا بیان انکے بغض کو ظاہر کرتا ہے،اعتزاز احسن کا آج کا بیان عدالتی سسٹم کا مذاق اڑا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران دور میں شریف فیملی کے خلاف پوری ریاستی طاقت استعمال کی گئی ۔ ملک احمد خان نے کہا کہ سمجھ سے بالا تر ہے کہ اعتزاز احسن کس طرح بغیرثبوت الزام لگا رہے ہیں،اعتراز احسن الزام لگانے کی بجائے عدالت میں ثبوت لے کرآئے،اعتزاز احسن کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف کو جنرل کے کہنے پر چھوڑا گیا؟اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ اعتزاز احسن کے بیان کا نوٹس لیا جائے۔