لاہور،21اکتوبر (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس بنائی گئی ہیں اورانڈسٹریل اسٹیٹس کی 100فیصد کالونائزیشن کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جار ہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان چیمبرز آف سمال ٹریڈرز کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد نے صدر چیمبرآف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز فیصل آباد چوہدری محمد شفیق انجم کی قیادت میں جمعہ کو یہاں ملاقات میں کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ پیسک کی آسان قرضوں کی سکیم کے تحت قرضہ کی حد ایک کروڑسے بڑھا کر دو کروڑ روپے کر دی جائے گی اورسمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں چیمبر آفس کے قیام کے لئے اراضی لیز پر دینے کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفد میں سینئر نائب صدر حامد علی ، صدر راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز طارق خان جدون ،نعیم اشرف اور دیگر شامل تھے۔