بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں؛ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

9

کوئٹہ،9اکتوبر  (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمااور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے  کوئٹہ آمد کے موقع پرپیپلزپارٹی صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی ودیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے  صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے مختلف اضلاع و ڈویژن کے عہدیداروں و کارکنان سے بھی ملاقات  کی اور پارٹی کارکنان نے انہیں  درپیش مسائل اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے آگاہ کیا۔  اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ   پارٹی کی صوبائی قیادت و کارکنان کا مشکور ہوں جنہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں گرم جوشی سے استقبال کیا، کوئٹہ پہنچنے پر سب سے پہلے پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ آیا ہوں تاکہ  کارکنان سے ملوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، امن و امان کے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی ممکن نہیں، مجھے خوشی ہے کہ اب بلوچستان میں امن بحال ہوا ہے اور یہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آصف علی زرداری نے بطور صدر یہاں کی ترقی و تعمیر کیلئے بلوچستان کے حقوق کا آغاز کیا، سیلاب سے متاثرہ مزدوروں کے  روزگار بحالی کے لئے اقدامات لے  رہے ہیں، آئی ایل او کیساتھ ملکر بلوچستان کے مزدوروں کے ریلیف کا آغاز کر رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی تمام قیادت اور وزرا بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔