بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا؛ حنا ربانی کھر

26

اسلام آباد،21اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور چیئرپرسن نیشنل فیٹف کوآرڈینیشن کمیٹی حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران ہماری مسلسل کوششوں کے نتیجے میں، ہمارے غیر متزلزل سیاسی عزم اور کامیاب آن سائٹ وزٹ کے اعتراف کے طور پر فیٹف نے پاکستان کے 2018 اور 2021 کے ایکشن پلان کی بنیادی، تکنیکی اور ضابطے کی تمام شرائط کی تکمیل کو مکمل طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ نتیجتاً فیٹف نے متفقہ طور پر پاکستان کو “زیادہ نگرانی کے دائرہ اختیار کی فہرست” سے نکالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وائٹ لسٹ کر دیا ہے،  فیٹف پہلے ہی اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ایک باضابطہ بیان جاری کر چکا ہے۔

 پوسٹ ایف اے ٹی ایف پلینری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ میں فیٹف کے حوالے سے پاکستان کے متعلق قوم کو خوشخبری دینا چاہتی ہوں، میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ یہاں فیٹف کے آئی سی آر جی اور پلینری اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو جو آج ختم ہو چکے ہیں۔  ان اجلاسوں کے دوران ستمبر 2022 کے پہلے ہفتے میں ہونے والے پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کے آن سائٹ وزٹ کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ فیٹف نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے (AML/CFT) نظام کو بہتر بنانے میں پاکستان کی نمایاں پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد کے نظام کو مضبوط کیا ہے اور کل 34 ایکشن آئٹمز پر مشتمل اپنے ایکشن پلان کی شرائط کو پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جون 2018 اور جون 2021 میں فیٹف کی نشاندہی کی گئی تمام سٹریٹجک خامیوں کو دور کر لیا ہے۔ پاکستان نے 2021 کا ایکشن پلان مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیا ہے۔ پاکستان اب فیٹف کے بڑھے ہوئے نگرانی کے عمل سے مشروط نہیں رہا، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کو فیٹف نے وائٹ لسٹ کر دیا ہے۔