اسلام آباد،21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے لئے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل کا قابل احترام اور جمہوری طریقہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی بجائے پرامن احتجاج اور قانونی راستہ اختیار کرنا ہے۔
جمعہ کو یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ انتشار کی سیاست نہ 90 کی دہائی میں کامیاب ہوئی اور نہ آج ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان جس طرح سے ایسے فیصلوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں ،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں سیاسی تربیت کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حالیہ سیاسی تاریخ کے مطابق ہمیشہ دوسروں کو چور اور ڈاکو کہا تاہم ان کی چوری کا پتہ چلنے پر الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دے دیا ہے ۔