جدہ؛ ملکہ ترنم نورجہاں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےموسیقی پروگرام منعقد، انکے گائے گیت پیش کیے گئے

5

جدہ،15اکتوبر(اے پی پی):نوشین کلچرل آرٹ سینٹر کی جانب سے جدہ میں ملکہ ترنم نورجہاں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے  انکے گیتوں پر مشتمل موسیقی پروگرام منعقد ہوا،  جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملکہ ترنم نورجہاں  کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں مقامی گلوکاروں نے ملکہ ترنم نورجہاں کے گانے گا کر خوب سماں باندھا جن کو حاضرین نےبھی خوب سراہا۔تقریب میں خواتین نے میڈیم نورجہاں کی طرز پر لباس  بھی زیب تن کر رکھا تھا۔

 اس موقع پر نوشین وسیم کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے اور میڈیم نورجہاں موسیقی کی دنیا کا بڑا نام تھیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور ہمیشہ پاکستان میں موسیقی کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

رنگا رنگ پروگرام میں عشائیہ کے علاوہ پان اور پھوں کے گجرے پیش کئے گئے۔ نوشین وسیم  نے سعودی عرب میں کھانے پکانے کے مقابلے میں انعام حاصل کرنے والی پاکستانی شیف بناشعیب کو مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر پاکستان میں سیلاب اور اس کیبعد کی صورتحال کے حوالے سے فلم دکھائی گئی۔ نوشین وسیم نے سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے مہمانوں سے درخواست کی کہ جتنا سامان پاکستان بھیج سکتے ہیں سیلاب ذدگان کی مدد کیلئے بھیجیں۔

 اس موقع پر ٹک ٹاک کارگو نے امدادی سامان پاکستان مفت بھیجنے کا اعلان کیا ۔پاکستان جرنلسٹ فورم نے نوشین آرٹ کلچرل کی ٹیم  کی کوششوں کی تعریف کی۔