خاران، 15اکتوبر(اے پی پی ): سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کو آبائی علاقہ مسکان قلات خاران میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے، نماز جنازہ شہید نواب اکبر خان بگٹی فٹبال اسٹیڈیم خاران میں ادا کی گئی، ہزاروں لوگ جنازہ میں شریک ہوئے۔
سابق چیف جسٹس گزشتہ روز دہشتگردوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے تھے، جنہیں شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو خاران منتقل کیاگیا، فرسٹ ایڈ کے بعد کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ دہشت گرد حملہ میں جسٹس نور محمد مسکانزئی کے نزدیکی رشتہ دار بھی زخمی ہوئے جنہیں کوئٹہ ریفر کیا گیا۔
محمد نور مسکانزئی 2014 سے 2018 تک عدالت عالیہ بلوچستان کے 18 ویں چیف جسٹس رہے ۔ جسٹس نور مسکانزئی فیڈرل شریعت کورٹ کے 17 ویں چیف جسٹس بھی تھے ۔رد عمل میں کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے 3 روزہ سوگ اور عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔ واقعہ کے فوری بعد چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان ، ججز ، اور وکلا تنظیمیں کیجانب سے واقعہ پر تعزیتی اور مذمتی بیانات سامنے آئے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ، قائم مقام گورنر ، مشیر داخلہ ، عوامی نمائندوں کی طرف سے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے ۔











