فیصل آباد،15اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108فیصل آبادمیں کل(اتوار کو) ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی میٹریل پولنگ سٹاف کے حوالے کردیا گیا۔الیکشن کیمپ آفس گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد فیصل آباد میں ہفتہ کوپریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کوسامان کی فراہمی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر II فیصل آباد و ریٹرننگ آفیسر این اے108 فیصل آبادعرفان کوثرکے علاوہ ریجنل پولیس آفیسرمعین مسعود،سٹی پولیس آفیسر عمرسعید ملک سمیت دیگر افسران اور عملہ کے ارکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران آر پی او معین مسعود اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر II و ریٹرننگ آفیسرعرفان کوثرنے کہا کہ پولنگ کے آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف و پرسکون ماحول میں انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی فرد یاجماعت کو نقص امن یا پولنگ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ رات پی ٹی آئی کی ریلی میں ہوائی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے موقع پر اسلحہ کی نمائش پر سختی سے پابندی عائد ہوگی جبکہ پولیس اور رینجرز کے دستے پولنگ سٹیشنز پر تعینات ہوں گے جن کے ساتھ ساتھ حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آر اوآفس میں میڈیا اور امیدواروں کیلئے رزلٹ کے سلسلہ میں بڑی سکرین کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنز میں اسلحہ اور موبائل فون ساتھ لیجانے کی سخت ممانت ہوگی نیز ووٹنگ کی گنتی کے دوران پولنگ سٹیشنزکے اندر وباہر امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پریذائیڈنگ آفیسرکی اجازت کے بغیر کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا جائے گاجبکہ میڈیا کے نمائندگان جن کو الیکشن کی کوریج کیلئے خصوصی کارڈز جاری کئے گئے ہیں صرف وہی پولنگ سٹیشنز کے اندر جا سکیں گے۔