رحیم یار خان؛آر پی او صادق علی ڈوگر کی کچہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد اکبر کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کی 

40

رحیم یار خان،02اکتوبر(اے پی پی): آر پی او بہاولپور صادق علی ڈوگر نے رحیم یار خان کا ایک روزہ دورہ کیا اور کچہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد اکبر کے گھر پہنچ کر انکے ورثاء سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کے والدین کو فرزند کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی پی او اختر فاروق و دیگر پولیس افسران بھی آر پی او کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر آر پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس ڈاکوؤں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہی ہے، شہید کانسٹیبل محمد اکبر نے جرآت وبہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

بعدازاں آر پی او صادق علی ڈوگر نے ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ بھی کی۔ کرائم میٹنگ میں ڈی پی او اختر فاروق ،ایس پی انویسٹی گیشن دوست محمد سمیت ضلع بھر کے سرکل پولیس افسران شریک ہوئے۔ ڈی پی او اختر فاروق نے آر پی او صادق علی ڈوگر کو ضلع کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

 آر پی او صادق علی ڈوگر نے جرائم کے قلع قمع اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے مختلف ہدایات جاری کیں اور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا تسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ضلع پولیس کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 آر پی او صادق علی ڈوگر نے ڈی پی او اختر فاروق کے ہمراہ پولیس لائن کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے یاد گار شہداء پر فاتحہ خوانی کی، ایم ٹی برانچ کا دورہ کیا، گاڑیوں کی انسپیکشن کرتے ہوئے ایم ٹی او کو شاباش دی اور ہدایات جاری کیں۔

آر پی او صادق علی ڈوگر نے ڈی پی او اختر فاروق کے ہمراہ تھانہ جات سٹی سی ڈویژن اور صدرِ رحیم یار خان کی انسپیکشن کرتے ہوئے تھانہ جات کا ریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے تھانہ جات کے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، اسلحہ خانہ، تفتیشی افسران کے دفاتر اور رہائش کانسٹیبلان کی صفائی و دیگر امور کو تفصیلاً چیک کیا۔

 آر پی او صادق علی ڈوگر نے تھانہ جات میں تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔