سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریسنگ ریلی14 سے 16 مارچ کو منعقد ہو گی؛ راجا ناصر علی خان

55

اسلام آباد،10 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر سیاحت گلگت بلتستان راجا ناصر علی خان نے  کہا ہے کہ سطح سمندر سےدو ہزار دو سو میٹرز سے بلند کولڈ ڈیزرٹ ریس رواں سال سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے ٹائٹل سے 14 سے 16 مارچ کو منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے نامور ریسنگ کے ماہر مرد و خواتین تین مختلف کیٹیگریز میں شرکت کریں گے۔

 اس بات کا اعلان وزیر سیاحت گلگت بلتستان راجا ناصر علی خان نے   پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حکومت گلکت و بلتستان کی وزارت ٹورازم کے سیکرٹری آصف اللہ خان اور ڈائریکٹر ٹورازم یاسر خان بھی موجود تھے۔

 وزیر سیاحت نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے یہ ایونٹ دو سال سے منعقد نہیں  ہو سکا ، لیکن نہ صرف اس سال سر فرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کا بھر پور طریقے سے انعقاد کیا جا رہا ہے بلکہ اگلے سال سرفرنگا ریلی کو عالمی ایونٹ کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  سرفرنگا ڈیزرٹ ریلی کورونا وبا کے سبب دو سال بعد ہو رہی ہے،ریلی دو ہزار دو سو ستائیس میٹر بلندی پر واقع کولڈ ڈیزرٹ میں منعقد ہو گی جہاں دریا، برفیلے پہاڑ اور میدان بھی موجود ہے۔

راجا ناصر علی خان نے کہا کہ سرفرنگا جیسا صحرا دنیا میں کہیں نہیں ہے، رواں سال ریلی کا ٹریک 75 کلومیٹر طویل ہے۔انہوں نے  کہا  کہ  ایونٹ میں  تجارتی شو، پولو میچ اور زاخ کا مقابلہ بھی ہو گا، رواں سال بین الاقوامی معیار کے تحت سیفٹی اور ماحولیات کی پالیسی بنائی ہے۔ انہوں نے ریلی کے انعقاد کے لئے سپانسر ز اور دیگر اداروں کا شکریہ بھی  ادا کیا ۔