سچائی اور ایمانداری اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے ؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

18

اسلام آباد،9اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اخلاقیات ہی وہ کڑی ہے جو انسانی معاشرے میں ربط پیدا کرتی ہے، سچائی اور ایمانداری  اسلامی معاشرے کی بنیاد ہے۔

ان خیالات  کا اظہار انہوں  نے اتوار کو یہاں دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  اخلاقی اقدار پر عملدرآمد  معاشرتی طور پر بہت اہم ہے کیونکہ شفقت اور پیار سے کی جانے والی بات پراثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمۖﷺللہ کے پیارے نبی اور محبوب  ترین شخصیت تھے لیکن ان کی انکساری بھی بے مثال تھی، انہوں نے کبھی بھی کسی کام کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی بلکہ ہر کام میں حصہ لیا اور خلفائے راشدین کی تربیت بھی اسی طرح کی۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں اخلاق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بناتے ہوئے حضورﷺ ۖ کی سیرت سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ کی بہتری اور ترقی میں سچائی اور امانتداری بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے، حضورﷺۖ کا پہلا پیغام بھی صداقت کا پیغام ہے، آپﷺۖ کی صداقت اور امانت کا اعتراف مشرکین اور کفار بھی کرتے تھے،اسلامی معاشرے کے قیام میں صداقت اورامانت بنیاد کا درجہ رکھتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حضور ۖﷺ نے صحابہ کرام کی ایسی ٹیم بنائی جنہوں نے اپنی زندگیوں سے ہمیں اقدار کا درس دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے  حضرت عمر  ؓ   کے لباس کے حوالے سے واقعے کو بھی دوہرایا۔ جرائم اور بدعنوانی اور موجودہ قوانین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جرائم بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مختلف قوانین بنائے گئے ہیں لیکن ان پر مکمل عملدرآمد سے ہی جرائم اور بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔