سکھر،20اکتوبر(اے پی پی ): بچوں میں عشق مصطفیﷺکی شمع روشن کرنے کے لئے سٹی اسکول انڈس کیمپس میں جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں (سیرت طیبہ ﷺکانفرنس )کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نامور عالم دین مولانا مفتی محمد ابراہیم قادری تھے جبکہ دیگر مہمان گرامی میں پرنسپل کاشف اسماعیل، محمد راشد اور دیگر شامل تھے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں ننھے منے عاشقان مصطفیﷺ نے نعتیہ کلام پڑھ کر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد ابرہیم قادری نےسیرت طیبہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نبی کریم صلی االلہ علیہ وآلہ وسلم کو رحمتہ اللعالمینﷺ بنا کر بھیجا گیا، آقائے دو جہاں کی آمد سے دنیا میں جہالت و کفر کا خاتمہ ہوا، نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم حسن و جمال کا پیکر تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ہمیشہ امن و سلامتی، انسانیت کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں میں عشق مصطفیٰ ﷺکی خصوصی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اور نوجوان نسل میں عشق مصطفیٰ ﷺبیدار کرنا اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کاشف اسماعیل نے کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں دینی علوم کی بھی اشد ضرورت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عظیم استاد ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ ہی نئی اور نوجوان نسل میں انقلاب پیدا کر سکتی ہے، بچوں میں عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا جذبہ پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے، یہی اس تقریب کا مقصد ہے۔











