اسلام آباد،25اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر نثار احمد کھوڑو کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے نو منتخب چیئرمین کا نام تجویز کیا اور سینیٹر گردیپ سنگھ نے ان کی تائید کی۔
نو منتخب چیئرمین نے نشست سنبھالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم کمیٹی ہے اور ملک کے تمام صوبوں کے مسائل سے متعلق ہے۔ نو منتخب چیئرمین نے کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کمیٹی کے امور کو احسن طریقے سے چلانے میں ان سے بھرپور تعاون کی توقع ظاہر کی۔
اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد خان اور سینیٹر گردیپ سنگھ، جوائنٹ سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔











