سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسی کی سربراہی میں سعودی وفد کی پنجاب گورنر سے ملاقات

25

لاہور، اکتوبر 12(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی مدد ،موسمیاتی تبدیلیوں اور اسلامو فوبیا پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم ،معاون خصوصی وزیر اعظم مولانا طاہر اشرفی ، کوارڈنیٹر ٹو وزیر اعظم شبیر احمد عثمانی ،پیٹرن ان چیف اپٹما گوہر اعجاز ،مفتی انتخاب نعیمی ،سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد کی مسلم اُمّہ کےلیے خدمات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خوش قسمتی کی بات ہے کہ خطبہ حج دینے والے ڈاکٹر عبدالکریم العیسی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کےلیے دوست ممالک اور مسلم ورلڈ لیگ کے امدادی سامان بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری بزنس کمیونٹی بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور تعاون کررہی ہے۔

گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم ورلڈ لیگ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار اداکرے اور مسلم ممالک میں اسلامی اور سائنسی علوم کی ترویج کے طلبہ کو اسکالر شپس دینے میں بھی مسلم ورلڈ لیگ بھر پور کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مسلم ممالک کو اسلاموفوبیا سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ اسلام امن رواداری اور برداشت کا مذہب ہے ۔ ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے کہا کہ دنیا میں اسلام کا صحیح چہرہ پیش کرنےاور تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔