شجاع آباد، 27 اکتوبر(اے پی پی):مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح میونسپل کمیٹی شجاع آباد کے زیر اہتمام بلیک ڈے منایا گیا اور دفترمیونسپل کمیٹی سے اللہ چوک تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر نے کی۔ ریلی میں شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگائے۔
ریلی کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ کشمیری قائدین اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ بھارتی بربریت کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتی اور شہداء کا خون رنگ لائے گا، دنیا میں امن و سکون کا راگ الاپنے والا بھارت اپنے گریبان میں ہی جھانکنا بھول گیا، مقبوضہ کشمیر میں شرپسند بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے لگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کیخلاف مذمت اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہم آج یہاں موجود ہیں اور ریلی کے شرکاء کے جذباتی نعرے اس بات کا مظہر ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان بننے کا خواب پورا ہو گا۔
ریلی میں تاجر اور سیاسی رہنمائوں سمیت میونسپل ملازمین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پاکستان کی سلامتی و کشمیری بہن بھائیوں کی حفاظت اور کشمیر کے مسئلے کے فوری حل کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔