صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار

29

لاہور ، 24 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر بریسٹ کینسر آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد مسعود گوندل نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بطور وزیرصحت نہیں بلکہ بریسٹ کینسر کے ایک مریض کے طورپر سیمینارمیں شرکت کررہی ہوں۔آج سے دوسال پہلے مجھے بریسٹ کینسرکی تشخیص ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم تھے جب میں ان کو فیصل سلطان کے ہمراہ اپنی بیماری بارے بتانے گئی۔عمران خان نے کہاکہ آپ فرائض سرانجام دیتی رہیں گی تومیں نے کہاجی۔ میں خوش نصیب تھی کہ مرض کی جلدی تشخیص ہوگئی۔اللہ پاک کی مہربانی کے ساتھ سرطان کے کینسر جیسے مرض سے لڑکراب میں صحتیاب ہوں۔میں ہمیشہ سوچتی ہوں کہ اللہ پاک نے مجھ پر بہت مہربانی کی ہے۔انسان ہمت کرے تواللہ پاک خود حوصلہ بڑھادیتاہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ آزمائش میں کبھی بھی اللہ پاک سے گلے شکوے نہیں کرنے چاہئیں۔انسان کو حالات سے لڑنے کیلئے اللہ پاک کے علاوہ کہیں اورسے طاقت نہیں مل سکتی۔اب الحمداللہ میراپیٹ سکین ہواہے جو بالکل ٹھیک آیاہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ کسی بھی مرض پرجلدتشخیص کے ذریعے قابو پانا انتہائی آسان ہوتاہے۔انسان کو کینسرکی جلد تشخیص ہی اس خطرناک بیماری سے بچاسکتی ہے۔انسان کو ہمیشہ ایک صحت مند زندگی گزارنی چاہئے۔اللہ پاک ہی انسان کیلئے آزمائش میں آسانی پیداکرتاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حاضرین یہاں سے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی حاصل کرکے آگے پھیلائیں۔گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کاخواب بہت پرانا دیکھاگیاتھا۔آج ہم بہت جلدگنگارام ہسپتال میں 550بستروں پرمشتمل مدراینڈچائلڈ بلاک عوام کیلئے کھولنے جارہے ہیں۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں میرادل دھڑکتاہے۔ مدراینڈچائلڈبلاک میں چارنئے یونٹس بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیمینار منعقدکروانے پرفا طمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباداور شاباش دیتی ہوں۔

اس موقع پروائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمود ایاز، سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعامر زمان خان، پروفیسرعائشہ شوکت،پروفیسر شمسہ، پروفیسر منزہ، پروفیسر عندلیب، پروفیسرحریت، پروفیسر کامران خالد، پروفیسر عمران اسلم وفیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔