ضلعی انتظامیہ کا عوام کو ریلیف دینے کیلئےملتان کی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ

5

ملتان، 26 اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئےشہر اولیاء کی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے،رواں سال حکومت پنجاب کی جانب سے میگا پراجیکٹس کیلئے وافر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جن کو شفاف انداز میں خرچ کرنا ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تعمیر نو کے محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان نے ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کیلئے 122 ملین کی 36 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سکولز میں فرنیچر،نئے کلاس رومز اور آئی ٹی لیب بھی بنائی جائیں گی۔ان  کاکہناتھاکہ روڈز کی کشادگی اور واٹر سپلائی سکیموں کے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے۔

محمد طاہر وٹو نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے لوکل گورنمنٹ کی سکیموں پر ترجیح بنیادوں پر فنڈز خرچ کئے جائیں گے جبکہ  نئے واٹر پیوریفیکشن پلانٹس کو بھی ترجیح بنایا گیا ہے ۔انہوں نے ضلعی محکموں پر واضح کیا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہر کی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہماری ڈیوٹی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں سرخ فیتے کے مرتکب افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔