فیصل آباد،اکتوبر (اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم مذہبی عقیدت واحترام اورشایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام تر انتظامی وحفاظتی تیاریاں مکمل ہیں۔ اس ضمن میں مذہبی ہم آہنگی،اتحادواتفاق اوربھائی چارے کی فضاء کو قائم ودائم رکھنے کے لئے امن کمیٹیز کے ارکان کا تعاون ناگزیر ہے۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔مولانا محمد یوسف انور، صاحبزادہ فیض رسول،مفتی ضیاء مدنی،مولانا محمدریاض کھرل،مولانا محمد حفیظ،اسلم بھلی،میاں تنویر ریاض، سید تجمل حسین زیدی ودیگر شامل تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے امن کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی امن اورمذہبی رواداری کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے ان کی شاندارخدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ تمام مسلمانوں کے لئے یکساں عقیدت واحترام کا حامل ہے جس کے تقدس کو ہر صوت برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی وانتظامی امور کے استحکام کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ومذہبی رہنماؤں کی مشاورت کو مقدم رکھا جاتا ہے جس سے امن وسلامتی کی ضمانت ملتی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند نے خوشی اوراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آبادمیں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام آپس میں متحد ومتفق ہیں تاہم اس نوعیت کے اجلاس خیروبرکت اورباہمی رابطے کے استحکام کے لئے منعقد کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے محراب ومنبر سے مذہبی رواداری،پیارومحبت اور قانون کی پاسداری کا درس دیں اور خصوصی طور پر جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں اسوہ حسنہ پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے،آپس میں متحد رہنے اورجشن عیدمیلادالنبیؐ کو مذہبی جذبے سے مناتے ہوئے ہر قسم کی خرافات سے اجتناب کرنے کی تلقین کریں جو کہ عشق رسول کا تقاضا ہے۔
اجلاس کے دوران علماکرام ودیگر اراکین نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے بعض مسائل کی نشاندہی کی۔آخرمیں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی،اتحاد ویکجہتی اورخیروبرکت کی دعا کی گئی۔