ضمنی ا نتخابات مکمل صاف اور شفاف تھے ، اسلام آباد پر چڑھائی کا پوری طاقت سے جواب دیں گے ؛وفاقی وزیر داخلہ

9

اسلام آباد،17اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نےعمران خان کو خبردار کیا  ہے کہ اگر جتھہ کلچر کو فروغ دیتے ہوئے  اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی تو  پوری طاقت سے اس کا جواب دیکر انھیں پسپا کریں گے ،اقتدارجتھوں سے نہیں ووٹ کے ذریعے حاصل ہوسکتا ہے ، اس کے لئے پارلیمنٹ ہی واحد راستہ ہے ۔

وہ پیر کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ گزشتہ روز 8 قومی اور 3 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جو ضمنی الیکشن  ہوئے ہیں وہ مکمل صاف اور شفاف تھے ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت پاکستان اور تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں اور ایسا ہی کرینگے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان مبارکباد کا مستحق ہے ، یہ دوسرا موقع ہے پہلے صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں اور گزشتہ روز جو الیکشن ہوئے ہیں ان میں بھی الیکشن کمیشن نے ذمہ دار یاں پوری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شروع سے ہی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف زہریلے اور گٹھیا پراوپیگنڈے میں مصروف رہتے ہیں، ان کا جھوٹا ہونا دوسری مرتبہ ثابت ہوچکا ہے ۔

 وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو واضح پیغام دینے کے لئے آج کی پریس کانفرنس کر رہا ہوں ، قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ہونے والے الیکشن میں پی ٹی آئی نے 5 لاکھ 47 ہزار 652 ووٹ حاصل کیے ، پی ڈی ایم کے امیدواروں نے 4 لاکھ 75 ہزار 37 ووٹ حاصل کیے ہیں ، عمران خان اگر یہ چاہتے ہیں کہ 5 لاکھ 47 ہزار ووٹرز کے فیصلے  کو تسلیم کریں تو پی ڈی ایم کے ووٹرز کا بھی احترام کریں ۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے کر کے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، پونے چار سال میں عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب لیکر گئے تھے ،پاکستان کو بچانے کے لئے کیے گئے مشکل فیصلوں سے پٹرولیم مصنوعات ، یوٹیلٹی بلز میں اضافہ ہوا ہے ،ہم نے ریاست کو اپنی سیاست پر ترجیحی دی ، آنے والے وقت  میں  مہنگائی ، یوٹیلٹی بلز کم کر کے عام آدمی کو ریلیف دیکر آسانی پیدا کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو یہ بھی پیغام ہے کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو ضمنی الیکشن  ہم جیت رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئینی طریقے سے عمران خان کو اقتدار سے الگ کیا ، ہم نے جتھوں کے ذریعے اسلام آباد پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی غیر آئینی کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر تمام آرمڈ فورسز اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پارلیمنٹ سب کے لئے ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے تو اس وقت بھی عمران خان کو دعوت دی تھی جب وہ گالی نکال رہے تھے ، شبہاز شریف اور بلاول بھٹو نے بھی عمران خان کو اس وقت کے معاشی حالات ٹھیک کرنے میں ساتھ دینے کی پیشکش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ملک  میں سیلاب نہ ہوتا تو حکومت بہت سے بہتر اقدامات پر عمل درآمد کر چکی ہوتی  لیکن یہ اللہ تعالی کی طرف سے ایک آزمائش ہے آئندہ دو ،تین ماہ میں عوام کو ایک نمایاں ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا ۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ  شہباز شریف محنتی  اورمخلص لیڈر ہیں ،آئندہ الیکشن مہم کو محمد نواز شریف خود لیڈ کریں گے اور جو فرق ہے وہ نہ صرف بدلے گا بلکہ کامیابی  حاصل کریں گے ۔   انہوں نے کہا کہ ان الیکشن میں پی ڈی ایم ،مسلم  لیگ ن   ،الیکشن مہم چلانے کے حوالے سے ابہام کا شکار رہی ، کبھی الیکشن ہونے کی خبریں تھیں اور کبھی الیکشن نہ ہونے کی وجہ  الیکشن مہم بہتر انداز میں نہیں چلا سکے۔