ملتان؛دھند اور موٹروے پولیس کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس ،ڈی آئی جی شاہد جاوید نے مختلف ہدایات جاری کیں

22

ملتان 26 اکتوبر (اے پی پی):ڈی آئی جی/زونل کمانڈر ایم سی2 زون شاہد جاوید کی سربراہی میں سیکٹر-1 ایم 5 سیکٹر آفس میں رواں سال آنے والی دھند اور موٹروے پولیس کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

ڈی آئی جی شاہد جاوید نے آفیسران کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے موسم میں موٹروے پولیس کی وزیبلٹی کو مزید بڑھانے کے لیے سپیشل ڈیوٹی روسٹر بنائے جائینگے، دھند کے حوالے سے محکمہ موسمیات سے میٹنگ کی گئی ہے، جس کا مقصد بروقت دھند کا پتا لگانا ہے اس طرح روڈ یوزرز کو بریف کرنے میں آسانی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ موٹروے کے قریب کاشتکاروں کی جانب سے فصلوں کو آگ لگانے سے منع کریں کیونکہ یہ دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے۔

 ڈی آئی جی شاہد جاوید نے موٹروے سنٹرل 2 زون پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر سفر کرنے والی تمام گاڑیوں کو بریف کریں کہ اپنی گاڑیوں پر معیاری فوگ لائٹس لگوائیں، تمام بس کمپنیز کو بریف کریں کہ 15 نومبر تک اپنی گاڑیوں میں ڈیش کیمرے لگوا لیں بصورت دیگر بغیر ڈیش کیمرے والی گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی نو مورمہم کا ایک حصہ ہیں جس میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس قومی شاہراؤں پر قانون کے بلا تفریق عمل درآمد کے ساتھ مسافروں کے سفر کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہوئے تمام لوگوں کی خدمت کے لیے پر عزم ہے۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ موٹروے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔