ملتان،15 اکتوبر (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عالمی یوم سفید چھڑی کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی،جس میں گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ برائے نابینا کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے۔
تقریب کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر اور ڈویژنل آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد نے کی۔تقریب سے خطاب میں رضوان نذیر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نابینا افراد کا سرکاری ملازمتوں میں مخصوص کوٹہ مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ برائے نابینا کو جلد سیکنڈری لیول کا درجہ دیا جائے گا۔
ڈی او سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ ادارے کی تزئن و آرائش کا کام بھی بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
اس موقع پر نابینا طلباءو طالبات میں سفید چھڑیاں اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔