ملتان ؛ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب طارق زمان گجر کا  نشتر ہسپتال کا دورہ  ،مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

35

ملتان، 12 اکتوبر (اے پی پی ):  مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب طارق زمان گجر  نے نشتر ہسپتال کا دورہ  کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شکایت سیل میں جانیوالی شکایات پر نشتر آیا ہوں ، ایک ایک بستر پر دو، دو مریضوں کی شکایت تھی۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بڑے حصے کو علاج کی سہولیات دے رہا ہے۔

 مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب طارق زمان گجر نے کہا کہ  نشتر ٹو کی تکمیل کو جلد یقینی بنا رہے ہیں ، نشتر ٹو کی تکمیل سے نشتر ون پر مریضوں کا بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا  ایمرجنسی میں ادویات کی مفت فراہمی  کو یقینی بنایا گیا ہے۔

طارق زمان قریشی نے ایمرجنسی میں ریسکیو پوسٹ کا بھی جائزہ لیا اور نشتر بلڈ بینک کا بھی معائنہ کیا ، سیکیورٹی پر مامور ملازمین کی شکایات سنیں  جبکہ  نشتر کے مختلف شعبوں میں موجود مریضوں سے علاج معالجہ بارے دریافت کیا۔

طارق زمان قریشی نے کہا کہ  نئی سی ٹی سکین مشین کی ضرورت سے وزیر اعلی کو آگاہ کروں گا۔انہوں نےڈیڈ ہاؤس کا بھی معائنہ کیا اور پوسٹ مارٹم کے حوالہ سے شکایات کا بھی جائزہ لیا اور  نرسنگ سکول دورہ کے دوران شکایات کے جلد حل کی ہدایت بھی کی۔