ملتان ، 12اکتوبر (اے پی پی ): سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام دماغی امراض کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور واک کی قیادت کی۔
مقررین نے دماغی امراض کی وجہ بننے والے عوامل، خود کشی کے بڑھتے رحجان، اس کی روک تھام اور جدید طریقہ علاج پر روشنی ڈالی۔
دماغی امراض اور ان کے سدباب کے حوالے سے پوسٹر بنانے کے مقابلوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ تقریب کے اختتام پر سابق وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے مقررین، منتظمین، پروفیسر ڈاکٹر نعیم اللّہ لغاری، ڈاکٹر اویس کریم، حافظ شفیق احمد اور پوسٹر مقابلوں میں جیتنے والوں میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا ۔
سربراہ شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، ڈاکٹر نعیم اللہ لغاری سربراہ شعبہ دماغی امراض نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی سربراہ شعبہ پیتھالوجی سمیت دیگر فیکلٹی ممبران ڈاکٹرز، نرسز اور طلباء و طالبات کی کثیرتعداد نے واک اور سیمینار میں شرکت کی۔