پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،وفاقی وزیر توانائی

24

اسلام آباد،12اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔   وفاقی وزیر نے بہترین دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اقتصادی اور سماجی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے جاپان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہا۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ وہ جاپان کے لوگوں کے حسن سلوک اور جذبہ سے متاثر ہوئے ہیں ، وہ جاپان میں پاکستانی سفارتخانے کو خطوط اور رقوم بھیجتے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے جاپانی سرمایہ کاری بالخصوص توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کا توانائی کا شعبہ قابل تجدید ذرائع میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔

جاپان کے سفیر نے جاپان کے آنجہانی سابق وزیر اعظم شنزو ایبے کی تدفین کے موقع پرخرم دستگیر کی موجودگی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران جاپان کے تعاون کا اعادہ کیا۔جاپانی سفیر نے حکومت کے شمسی توانائی سے بجلی کی تیاری کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنیاں اس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔جاپانی سفیر نے یاد دلایا کہ جاپانی حکومت پاکستان کے بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور یقین دلایا کہ جاپان پاکستان میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرے گا۔