اسلام آباد ، 14 اکتوبر (اے پی پی ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے وفد نے جمعہ کو یہاں چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اوورسیز کے صدر ژانگ گوولینگ کی قیادت میں ملاقات کی اور وزیر اعظم کو سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک خطیر رقم کا چیک وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی بے مثال ہے، چین نے ہر اندرونی اور بیرونی محاز پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے موجود رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کا مقابلہ کرنے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے جاری کاموں میں چین نے پاکستان کی بہت مدد کی ہے۔
ملاقات میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک , وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفر الدین محمود اور پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ بھی شریک ہوئے۔











