لاہور،31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری پیر کو اچھرہ لاہور میں مرحومہ صحافی صدف نعیم کے گھر پہنچ گئیں اور مرحومہ کے شوہر نعیم احمد سے اظہارتعزیت کیا۔ انہوں نے اس موقع پرفاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔ فیصل میر اور نایاب جان بھی ان کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر مرحومہ صدف نعیم کے بچوں سے ملیں ، ان کے والد و دیگر فیملی ممبران سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو اس قسم کی کوریجز کے دوران صحافی ساتھیوں کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ صدف نعیم کے واقعہ پر بہت افسوس ہوا،وہ ایک بہادر رپورٹر تھیں، اللہ صدف کے گھر والوں کو صبر عطا فرمائے ۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پولیٹکل ریلیوں میں میڈیا کوریج کے لیے الگ طریقہ کار بنانا چاہیے،ایسی صورت حال میں صحافیوں کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔ شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔











