ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2022، شیخوپورہ، سرگودھا، کراچی اور ملتان نے اپنے اپنے میچ جیت لیے

4

 ملتان، 11 اکتوبر (اے پی پی ): نیشنل بینک آف پاکستان T-20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2022 (گریڈ-2) میں  بروز منگل شیخوپورہ، سرگودھا، کراچی اور ملتان نے اپنے اپنے میچ  جیت لیے  ہیں ۔

پہلے میچ میں   کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کوئٹہ نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے۔  نعمت اللہ 110 اور شہریار 21 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔  شیخوپورہ کی جانب سے سنوال نے 1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں شیخوپورہ نے 218 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا،  سنول شہزادہ نے ناقابل شکست 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،  وہ سب سے زیادہ اسکورر تھے اور محسن 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  کوئٹہ کی جانب سے طالب اور شاہد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اور اسطرح شیخوپورہ 8 وکٹوں سے جیت گیا اور  مین آف دی میچ سنول شہزادہ کو ملا۔

 دیگر میچوں میں سرگودھا بمقابلہ حیدرآباد جو کہ ایم سی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سرگودھا کے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کی اور حیدرآباد کے بلے بازوں کو اچھا ہدف نہیں بنانے دیا۔ حیدرآباد نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 125 رنز بنائے، عمران بروہی 40 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سکورر رہے،  عبدالمالک نے 2 جبکہ عبداللہ اور تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اور سرگودھا نے جواب میں 126 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، سرگودھا کی جانب سے زین اشرف سٹار بلے باز تھے۔ انہوں نے 50 رنز بنائے اور تنویر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔حیدرآباد کی جانب سے عمران، محسن اور قدیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اور سرگودھا نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور اس میچ میں مین آف دی میچ زین اشرف نے حاصل کیا۔

 ایک اور میچ میں کراچی بمقابلہ ایبٹ آباد  اسپورٹس کمپلیکس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کراچی نے ٹاس جیت کر ایبٹ آباد کو پہلے بیٹنگ دینے کو کہا،  ایبٹ آباد نے مقررہ 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر کراچی کو 185 رنز کا ہدف دیا۔  ایبٹ آباد کی جانب سے ریاضت خان 74 اور نعیم اللہ 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔  رشید اکبر نے ایک وکٹ حاصل کی جواب میں کراچی نے 186 رنز کا ہدف 16 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر تیزی سے حاصل کر لیا۔  عبدالوہاب خان اسٹار بلے باز تھے، انہوں نے 54 رنز بنائے اور کراچی کی جانب سے جندل خان نے ناقابل شکست 52  رنز بنائے۔  ایبٹ آباد کی جانب سے نعیم اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی کراچی 6 وکٹوں سے جیت گیا ،مین آف دی میچ عبدالوہاب خان ہوئے۔

 ایک اور میچ  میں   ملتان بمقابلہ فیصل آباد کے درمیان ایم سی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا ، فیصل آباد نے ٹاس جیت کر ملتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔  ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔  محمد صفدر ایک بار پھر بلے سے چمکے اور انہوں نے شاندار 115 رنز بنائے جبکہ عبدالرزاق نے 36 رنز بنائے،  اعجاز حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فیصل آباد نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔  زاہد عباس 35 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔  ملتان کی جانب سے محمد صفدر، یوسف، عبدالرزاق اور سلیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ملتان 31 رنز سے جیت گیا مین آف دی میچ  محمد صفدر رہے۔