پاکستان پولیو پروگرام نے پولیو فرنٹ لائن ورکرز کو نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا

25

اسلام آباد۔24اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان پولیو پروگرام نے انسدادپولیو کے عالمی دن 2022 کے موقع پرپولیو فرنٹ لائن ورکرز کو نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا ہے، اس سال انسدادپولیو کے عالمی دن کا عنوان “عالمی دن برائے پولیو 2022 اور اس سے آگے : ماؤں اور بچوں کے لئے ایک صحت مند مستقبل” ہے ۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر نے انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں خواتین ہیلتھ ورکرز کی پاکستان اور دنیا بھر کے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  ہم انسانیت کی فلاح کے لئے فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں کا شکریہ ادا نہیں کرسکتے۔ وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر بہترین کارکردگی پر فرنٹ لائن ورکرز کو شیلڈز دیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پولیو ورکرز کی خدمات کورونا وباء کی ویکسینیشن اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں بھی قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان نے پولیو وائرس کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وائرس کو ایک مخصوص علاقے تک محدود رکھا ہے، اگر ہم جنوبی خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کا خاتمہ کرنے میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو ہم پاکستان بھر سے پولیو وائرس کے خاتمہ کا ہدف حاصل کرلیں گے ہم درحقیقت  پولیو وائرس کے خاتمے کے ہدف کے کافی قریب ہیں۔1994 میں انسداد پولیو پروگرام کے آغاز سے پاکستان میں پولیو کیسز میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے 1990 کی دہائی کے آغاز میں تقریباً 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوتے تھے۔ اس موقع پر کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ “ہماری پولیو ٹیموں کا جذبہ اور لگن قابل تحسین ہے، سیلاب میں فرنٹ لائن ورکرز کے گھروں کی تباہی کے باوجود بچوں کو زندگی بچانے کی ویکسینیشن کرتے رہے۔ انسدادِ پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے  منعقدہ تقریب میں تین لاکھ 70 ہزار سے زیادہ پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر بیگ نے کہا کہ ہمارے ہیلتھ ورکرز، والدین اور کمیونٹی کے مسلسل تعاون سے امید ہے کہ ہم ہمیشہ کے لئے اس وائرس سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔  وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر بین الاقوامی کمیونٹی ، ڈونرز اور عالمی شراکت داروں کا انسداد پولیو کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا انہوں نے اس موقع پر مہمات میں والدین کے تعاون کو بھی سراہا ہے ، وزیر صحت نے گذشتہ کئی برسوں سے روٹری کی کوششوں کا ذکر بھی کیا۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اس موقع پر بچوں کو انسدادِ پولیو قطرے پلواکر ذیلی انسداد مہم کا آغاز بھی کیا ، اس پانچ روزہ مہم میں ملک کے 83 اضلاع بشمول جنوبی خیبرپختونخوا میں پانچ سال سے کم عمر 25 ملین بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائے جائیں گے۔