چنیوٹ؛ ورلڈ پولیو ڈے پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

11

چنیوٹ،24 اکتوبر (اے پی پی): ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے محکمہ ہیلتھ اور یونیسیف کے اشتراک سے سی او کمپلیکس میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید تھے۔

سیمینار میں ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے پولیو میں ذمہ دارانہ کارکردگی و نتائج دکھانے والے محکمہ صحت کے افسران، سٹاف و دیگر معاونین میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے  جبکہ سی او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر کو سوینیئر پیش کی۔

 سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید کا کہنا تھا کہ حکومت بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کا رلا رہی ہے۔ انہوں نے بہترین کاکرکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شاباش دی اور کہا کہ ضلع چنیوٹ میں اس وقت کوئی بھی پولیو کا کیس نہیں ہے اور یہ سب آپ کی محنت کا نتیجہ ہے، مجھے امید ہے کہ آپ اسی طرح کام کریں گے اور ملک پاکستان سے پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

سیمینار میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، یونیسیف کے ڈاکٹر اخلاق احمد، ڈپٹی ڈی او ڈاکٹر شفقت رحمان کے علاوہ دیگر ہیلتھ افسران، ویکسینیٹرزاور ورکرز بھی موجود تھے۔