اسلام آباد،20اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر نے جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، معاشی، ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی روابط کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہنگر ی کے سفیر بیلا فزیکاس سے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،ہنگری کے ساتھ آبی وسائل کے انتظام، زراعت، خوراک، تعلیم اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں،ہنگری میں تعلیم اور تربیت یافتہ پاکستانی انسانی وسائل کو واپس پاکستان کی طرف راغب کرنے کیلئے ایک جامع طریقہ کار تشکیل دیا جانا چاہئے۔
چیئرمین سینیٹ نے ہنگری کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے حمایت اور پاکستانی طلبا کیلئے اسکالرشپس کی تعداد بڑھانے کے اقدامات کو سراہا اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور د یتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں۔
ہنگری کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اورسیلاب سے ہونی والی تباہ کاریوں پر چیئرمین سینیٹ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے دنیا بھر میں موسمی تغیرات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ہنگری کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کیلئے روابط بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔











