گورنر پنجاب سے مسلم لیگ (ن )یوتھ ونگ یورپ کے چیئرمین کی ملاقات، اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار ہیں؛ بلیغ الرحمان

11

لاہور،21اکتوبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ایڈوائزری کونسل مسلم لیگ (ن )یوتھ ونگ یورپ کے چیئرمین شمروز الہی گھمن نے ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک کے سفیر اور ملک کے مثبت امیج کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔

گورنر پنجاب نے  کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں اور وطن عزیز پر جب بھی کبھی مشکل کی گھڑی آئی تو اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر اپنے ملک کی مدد کی، سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے بھی اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے۔  انہوں   نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایڈوائزری کونسل مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ یورپ کے چیئرمین شمروز الہی گھمن نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل ہمیشہ اپنے وطن کیلئے دھڑکتے ہیں اور جب بھی ملک میں سیلاب ، زلزلہ یا کوئی بھی مشکل وقت آیا تو اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کی ہر طرح سے مدد کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانی وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔