گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پختون برادری کے نمائندہ مہمند لویہ جرگہ پاکستان کے وفد کی ملاقات

11

لاہور،14 اکتوبر  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پختون برادری کے نمائندہ مہمند لویہ جرگہ پاکستان کے وفد نے سابق ایم پی اے محمد وحید گل کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب کو پختون برادری کو درپیش مسائل سے  بھی آگاہ کیا گیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پانی اترنا شروع ہو گیا ہے، سب کو سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

سابق ایم پی اے وحید گل نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ پختون  افراد کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پختون برادری کے مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ نادرا اور پاسپورٹ کے محکموں سے متعلقہ مسائل وفاقی حکومت تک پہنچاوں گا۔

وفد میں رھبر حاجی امیر بہادر خان بانی جاوید خان مہمند سرپرست اعلی حاجی مبین خان صدر حاجی سرفراز خان مہمند جنرل سیکرٹری اکبر خان مہمند نائب صدر حاجی فاروق خان مہمند و دیگر بھی شریک تھے۔