اسلام آباد،14اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین۔ پاکستان جوائنٹ کمیشن کا 12 واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور متاثرہ آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان نے یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے 123 ملین یورو کے فنڈز کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے لیے دی جانے والی معاونت کی تعریف کی۔ پاکستان نے بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے لیے اضافی امداد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں فریقوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مزید تعاون پر اتفاق کیا۔
مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی صدارت یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس میں ایشیا اور بحر الکاہل کے منیجنگ ڈائریکٹر گنر ویگنڈ اور اقتصادی امور کی وزارت کے سیکرٹری محمد حمیر کریم نے کی۔ حکومت پاکستان کی متعلقہ وزارتوں کے ساتھ ساتھ یورپی کمیشن، یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس، پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر، یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے مبصرین کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یورپی یونین۔ پاکستان مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس 2023 میں برسلز میں ہوگا۔