سیاسی جماعت کیطرف سےوفاق پرچڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ، وزیر داخلہ

4

اسلام آباد،25نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کیطرف سےوفاق پرچڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے ، وفاق اور اسکی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں،چیف سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔ وہ جمعہ کو پی ٹی آئی کے 26 نومبر کےلانگ مارچ کے حوالے سے امن وامان سےمتعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے  ۔ وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو ،وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر،آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد،سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے شریک تھے جبکہ کے پی  کے آئی جی پولیس معظم جاہ، چیف سیکرٹری ،پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور قائم مقام  آئی  جی پنجاب آن لائن شریک ہوئے ۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے اور دھرنےکے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔شرکاء کی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کے شرکاء نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔