Home National پاکستان توانائی کے صاف اور ماحول دوست ذرائع استعمال کرنے کا خواہاں...

پاکستان توانائی کے صاف اور ماحول دوست ذرائع استعمال کرنے کا خواہاں ہے؛وفاقی وزیر خرم دستگیر خان

 

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے صاف اور ماحول دوست ذرائع استعمال کرنے کا خواہاں ہے، مستقبل میں بجلی کی پیداوار کے تمام منصوبے قابل تجدید توانائی کے وسائل سے لگائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہالینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریز  سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی مکس میں قابل تجدید توانائی کے حصہ کو بڑھانے کے لئے اپنی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بنیادی انفراسٹرکچر  کی بحالی اور مرمت کا کام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل کے تمام توانائی کے منصوبے قابل تجدید توانائی پر مبنی ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان توانائی کے صاف اور ماحول دوست ذرائع استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اور نئی ٹرانسمیشن لائنیں  بچھا کر ملک کی ترسیلی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ہالینڈ کی سفیر نے بتایا کہ کئی ڈچ کمپنیاں سالڈ ویسٹ انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈچ کمپنیوں کے پاس گھریلو اور زرعی فضلہ کو مؤثر طریقے سے بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کرنے میں بڑی مہارت اور تجربہ ہے جو سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

وفاقی وزیر نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور مہارت کے تبادلے کے حوالے سے تعاون پر زور دیا ۔

Exit mobile version