دنیا بھر میں یونیورسٹیوں کا کام ریسرچ اور ڈویلپمنٹ ہے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

19

لاہور،14نومبر  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں یونیورسٹیوں کا کام ریسرچ اور ڈویلپمنٹ ہے، پاکستان میں یونیورسٹیوں میں ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور ریسرچ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا  اظہار چانسلر/ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان  نے  پیر کو یہاں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں یونیورسٹی سینیٹ کے  14 واں اجلاس سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو ربوٹک سرجری میں رول ماڈل بننا چاہیے جس کے لئے ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔انہوں نے یونیورسٹیوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ٹراما سے نکالنے میں مدد کے لیے میکنیزم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلباء سیلاب متاثرہ علاقوں میں جائیں اور وہاں کے لوگوں اور بالخصوص بچوں کو سیلاب کے جذباتی اور نفسیاتی اثرات سے نکالنے میں مدد کریں۔

گورنر پنجاب  نے کہا کہ میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ کوئی بھی بچہ مالی وسائل میں کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے اور کسی بھی مشکل میں  طلبا  کی مالی مدد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا 5  ارب روپے کا اینڈونمنٹ فنڈ کا قیام ہونا چاہیے جو کہ طلبا و طالبات کی تعلیم پر خرچ ہونا چاہیے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اس موقع مجوزہ بجٹ 22-23 20اور ضمنی بجٹ 2021-22کی منظوری دی۔انہوں  نے 8  ملین روپے سے زائد کی لاگت سے قائد اعظم بلاک کے لئے تیار سولر پینل اور فرانزک لیکچر تھیٹر کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر تقیہ سلطانہ عابدی اور مقبول احمدکی ادارے کے لئے کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مزید تعاون اور امداد کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے یونیورسٹی میں جاری اور تکمیل شدہ منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد3  ماہ کی قلیل مدت میں سٹوڈنٹس فیسیلٹیشن سنٹر کا قیام، ای لاگ مانیٹرنگ سسٹم، پیشنٹ ریفرل سسٹم، فلڈ ریلیف مشن، لائبریری انفارمیشن سسٹم کا نفاذ کیا۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کی ہدایت پر کنگ ایڈورڈ  نے سکالر شپ پروگرام بھی شروع کیا۔

چانسلر  نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سینیٹ کے سابق اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی۔وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے کہا کہ سینیٹ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری ٹوگورنر پنجاب کیمکولین بیرسٹر نبیل احمد اعوان، کیمکولین سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، کیمکولین ڈاکٹر پرویز احمد خان،نمائندہ فنانس،ڈینز ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور یونیورسٹی سے ملحقہ سات ہسپتالوں کے ایم ایسز نے شرکت کی۔