سرکاری محکمے زمینداروں کی فلاح بہبود،زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے بنائی گئی پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں؛ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

9

اوکاڑہ،16نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کاشتکار پاکستان کی زرعی معیشت کا اہم ترین حصہ ہیں ان کی آسانی اور سہولت کے لئے تمام سرکاری محکمےاقدامات کریں۔واپڈا،محکمہ زراعت اور محکمہ لائیو سٹاک سے متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور کسانوں کے ریلیف کے لئے فوری اقدامات کو حتمی شکل دی جائے، سرکاری محکمے زمینداروں کی فلاح بہبود اور زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے بنائی گئی پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اتحاد کے نمائندہ وفد جس کی قیادت میاں غلام مصطفی وٹو،ملک یاسین جھجھ کر رہے تھے کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا، میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ملک محمد افضل، واپڈا، محکمہ زراعت اور محکمہ لائیو سٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی واپڈا کی نمائندگی ڈپٹی مینجر محمد اکرم،ضلع کے تمام ایکسیئن صاحبان نے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک حق نواز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد اعجاز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے بریفنگ دی۔

 ضلعی صدر کسان اتحاد میاں غلام مصطفی وٹو اور جنر ل سیکر یٹری کسان اتحاد ملک یاسین جھجھ اور کاشتکاروں نے ٹیوب ویلوں کے بلوں پر زائد یونٹ ڈالنے، خراب اور جلے ہوئے میٹر بروقت تبدیل نہ کرنے،فیول ایڈ جسٹ منٹ ختم نہ کرنے،13 روپے فی یونٹ بجلی کے ٹیوب ویلوں کا بل جاری نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا جبکہ یوریا کھاد کی مہنگے داموں فروخت اور اس کی بلیک مارکیٹنگ،مویشی پال حضرات کو جانوروں کی ویکسیئن اور ادویات مفت نہ ملنے کی شکایت کی جس پر متعلقہ محکموں کی بریفنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اسسٹنٹ کمشنر ملک محمدافضل کی سربراہی میں یوریا کھاد کے معاملات،اس کی مقررہ نرخوں پر فروخت، سٹاک کی صورت حال،کسانوں کی شکایات دور کرنے سے متعلق ایک کمیٹی مقرر کر دی جو معاملات کی بہتری کے لئے اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر ملک محمد افضل فوکل پرسن ہونگے۔ مویشی پال حضرات کو مفت ویکسیئن اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اعلی سطح پر معاملات کی بہتری کے لئے تحریر کیا جائے گا جبکہ بجلی کے بلوں سے متعلقہ معاملات کی بہتری کے لئے واپڈا افسران کی کمیٹی مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اقدامات کرے گی۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بل جمع کروانے کی تاریخ میں 5 دن کا اضافہ کر دیا گیا ۔انہوں  نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج اور کیمیائی کھادوں کے لئے محکمہ اقدامات کرے اور زرعی مداخل مقرر قیمت پر کاشتکاروں کو دستیاب ہونے چاہییں۔

 ضلع اوکاڑہ پاکستان کسان اتحاد کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے اور زمینداروں کی فلاح بہبود کے لئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔