سمندری میں 10 سالہ بچی کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کرنیوالے ملزمان گرفتار

20

فیصل آباد۔28نومبر  (اے پی پی):سمندری میں گزشتہ روز10سالہ بچی کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ، اقرار جرم کرنیوالے ملزمان محلے دار اور حقیقی بھائی ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کا آغازکردیاگیا ہے۔ سٹی پولیس آفیسرفیصل آباد خالد محمود ہمدانی نے پیر کو پولیس لائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے نواحی گاؤں چک467 میں 10سالہ بچی ایمان فاطمہ کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کرنے والے ملزمان منیب احمد اور حسیب احمد کو  گرفتار کرلیا گیا ہے جومتوفیہ کے محلے دار اور حقیقی بھائی ہیں۔ دوران تفتیش16سالہ ملزم منیب نے تشدد، زیادتی،قتل اور نعش چھت پر پھینکنے کا اقرار جرم کرلیا جبکہ اس کے بھائی حسیب نے اس کی معاونت کی۔انہوں نے بتایا کہ تھانہ سٹی سمندری کی حدود میں 10 سالہ بچی کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کیا گیا ، پولیس نے سرچ آپریشن کرکے بچی کی نعش ہمسائے کی چھت سے برآمد کرلی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شک کی بنا پر7 افراد کو حراست میں لیاجن میں حبیب، حسیب، سعد، منیب، عبدالواب، ارشد اور معاذ شامل تھے۔ سی پی او نے بتایا کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کی زیر نگرانی ایس پی صدر، اے ایس پی سرکل سمندری، ڈی ایس پی سی آئی اے سمندری، انچارج سی آئی اے سمندری،ایس ایچ او تھانہ سٹی سمندری اورماہر تفتیشی افسران پر مشتمل پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرچ ٹیموں نے جدید تکنیکی وسائل بروئے کار لاکر بچی کی نعش محلے کے ایک مکان کی چھت سے برآمد کرلی۔انہوں نے بتایا کہ زیر حراست افرادسے تفتیش کے دوران ملزمان بھائیوں نے دلخراش واقعے کے حوالے سے اقبال جرم کرلیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف دستیاب شواہد، فرانزک رپورٹس اور اقبال جرم کے بیانات کی بنا پر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔