راولپنڈی،04نومبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے رہنما حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کی بھرپورمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں عدم برداشت اور تشدد کا عنصر خطرناک ہے۔ جمعہ کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت ہم سب کو عزیز ہے۔ ہمیں اپنی ذات کے بجائے ملک کا سوچنا ہوگا۔دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی افواج کیساتھ کھڑے ہیں۔افسوس کی بات ہے کل کے واقعہ پرسیاست شروع کردی گئی۔ فائرنگ واقع کی ابھی تک تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں اور الزامات کی بوچھاڑکردی گئی ۔جو کچھ سوشل میڈیا پر ہو رہا ہے وہ کسی صورت پاکستان کے مفادمیں نہیں ہے ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کو اس ملک کی فکر ہے۔وزیراعظم ملک کی ترقی اور سالمیت کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔