صوبائی حکومتیں اور وفاق مل کر سیلاب متاثرین کو بلاتفریق امداد اورمعاونت فراہم کریں گے؛وزیردفاع خواجہ محمد آصف

21

اسلام آباد،25نومبر  (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ  صوبائی حکومتیں اور وفاق مل کر سیلاب متاثرین کو بلاتفریق امداد اورمعاونت فراہم کریں گے، سیاسی کلچر کے منفی پہلوئوں کاخاتمہ ضروری ہے، متاثرین کی امداد اوربحالی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 جمعہ کوقومی اسمبلی میں غوث بخش مہر اور دیگر ارکان کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد سے متعلق نکتہ ہائے اعتراض کے جواب میں وزیردفاع نے کہاکہ سیلاب کی آفت سے پورے ملک میں تباہی ہوئی ہے، سندھ اوربلوچستان میں زیادہ نقصان ہواہے، بہت سارے علاقوں میں فصلیں بروقت کاشت نہیں ہوسکیں گی اوراس سے غذائی سلامتی کوبھی خطرات لاحق ہوں گے، وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو متاثرین کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے اور  امداد بلاتفریق ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے معاملات میں حکومت سیاسی ترجیحات پرکام نہیں کررہی، ارکان کی شکایات کو وزیراعظم اورکابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، اگر کوئی تفریق ہورہی ہے تو اسے دورکیا جائے گا۔

 شیری رحمان نے کہاکہ وہ غوث بخش مہرصاحب کویقین دلاتی ہیں کہ ریلیف کا کام سیاسی بنیادوں پرنہیں ہورہا، اگر ایسا ہورہاہے تومیں اس پرمعافی چاہتی ہوں، ہم سب کا دکھ بانٹنے آئے ہیں،سیاسی وابستگی کے بغیرلوگوں کوامداد ملنی چاہئیے اگر ایسا کوئی واقعہ ہواہے تو میں اس پرمعافی چاہتی ہوں۔پوری کوشش ہے کہ وسائل کوبغیرکسی تفریق کے تقسیم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ وسائل کی کمی ہے، عالمی بینک کے مطابق 30 ارب ڈالرکانقصان ہواہے، کوپ 27 میں ہم نے یہی مقدمہ لڑاہے کہ پاکستان جیساترقی پذیرملک مسائل کاسامناکررہاہے، سندھ میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں نے ایک حساس معاملہ میں مداخلت کی کوشش کی، ان کو لوگوں کی تکالیف کاکوئی خیال نہیں ہے۔

جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ اراکین نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات کے حوالے سے نکتہ ہائے اعتراض پربات کی۔بعدازاں ڈپٹی سپیکر زاہداکرم درانی نے ایوان کااجلاس جمعرات یکم دسمبر2022کوشام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔