طالبات کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے سے خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکتی ہے؛ ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سائرہ عمر

10

نوشہرہ ورکاں،24 نومبر (اے  پی پی ): ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سائرہ عمر نے کہا ہے کہ طالبات کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے سے خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکتی ہے، والدین بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو بھی زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔

ان خیالات کا  اظہار ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سائرہ عمر  نے  نجی سکول کی طالبات سے ملاقات کے موقع پر کیا۔طالبات نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے دوران انتظامی امور، محکمانہ ذمہ داریوں،  تعلیمی کیریئر اور پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروسز جوائنگ، ڈپٹی کمشنر تعیناتی تک کے سفر، ویژن اور گوجرانوالہ میں عوامی فلاح کے اقدامات اور انکی ترجیحات بارے سوالات کئے جن کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریونیو سروسز میں شفافیت اور آسانی لاکر عوام کو ریلیف فراہم کرنا، جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرانا ہے انکی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے طالبات کو ڈویژن، ضلع اور تحصیل کے انتظامی عہدوں، افسران اور انکی ذمہ داریوں بارے آگاہی دی اور کہا کہ جو طلبہ سروسز جوائن کرنے کے خواہشمند ہیں وہ اپنے اہداف مقرر کریں، درست مضامین کا انتخاب کریں اور اپنے مقاصد و مقررہ اہداف کے حصول کے لئے انتھک محنت کریں، محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سائرہ عمرنے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور کوئی ملک و معاشرہ خواتین کی  شمولیت کے بغیر معاشی طور پر ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان میں مختلف شعبوں میں خواتین اعلٰی عہدوں پر فائز ہو کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور مستقبل میں مزید مواقع پیدا ہوں گے جس سے ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔