عمران خان نے فرائیڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے حقیقی آزادی اور حقیقی جمہوریت کے بیانیے سے ایک اور یو ٹرن لیا ہے؛ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

17

اسلام آباد،14نومبر  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے فرائیڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے حقیقی آزادی اور حقیقی جمہوریت کے بیانیے سے ایک اور یو ٹرن لیا ہے ، وقت آگیا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق یہ شخص اپنے اس جھوٹ کی قیمت ادا کرے، اب عمران خان چاہتا ہے کہ ملک کے اندر سے اور ملک سے باہر کوئی اس کے سر پر ہاتھ رکھے تاکہ اس کی سیاسی دکانداری چل سکے۔

 پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سات آٹھ ماہ قبل جب اس ایوان میں عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد مخلوط حکومت قائم ہوئی یہ ایک نئے دور کا آغاز تھا۔ ہماری حکومت کو کہا گیا کہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے اور ایک سائفر نکال کر کہا گیا کہ اس حکومت کے تانے بانے امریکہ سے ملتے ہیں۔ قوم کو بتایا گیا کہ ہم حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ گزشتہ روز عمران خان نے فرائیڈے ٹائمز کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ ” یہ سب کچھ ختم ہوگیا ہے اور میں سب پیچھے چھوڑ آیا ہوں”۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی ساری زندگی یوٹرن سے بھری پڑی ہے، انہوں نے جو الزامات لگائے اور اس ایوان اور ملک کی بے توقیری کی۔ وقت آگیا ہے کہ اب آپ کے جھوٹ کو قوم کے ساامنے آنا چاہیے اور اس کی سیاسی قیمت بھی آپ کو ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 ہزار ڈالر ماہانہ پر بندہ رکھ کر نہ صرف امریکہ میں ترلے کئے ہیں بلکہ یہاں بھی ترلے کئے جارہے ہیں۔ چند ووٹوں اور اقتدار کے لئے کسی کو بھی ایسے کاموں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ ہمارے ملک اور معاشرے کے وجود کے لئے وارننگ ہیں۔ 2014ء میں یہاں جو کچھ ہوا یہ در و دیوار گواہ ہیں اور وہ امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرتا رہا۔ وہ چاہتا ہے کہ ملک سے باہر اور ملک کے اندر سے اس کے سر پر کوئی ہاتھ رکھے تاکہ اس کی سیاسی دکانداری چل سکے۔

 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ملک سے باہر سے ملنے والے تحائف کی جگہ یہاں نکلی گھڑیاںرکھ دی ہیں۔ موجودہ مخلوط حکومت نے گزشتہ سات آٹھ ماہ میں کسی سیاسی جماعت کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا۔ اس کے دور حکومت میں ہم سب قید تھے اور اس نے رشتوں کا بھی پاس نہیں کیا، عمران خان کو اقتدار ملنا ایک حادثہ تھا۔ جو بیٹی اور بہن کے رشتہ کا احترام نہ کر سکے اور اپنی والدہ کے نام پر بنائے ہوئے ہسپتال کے پیسے کھا جائے، اب یہ کہتا ہے کہ بھول جائو سائفر کو اور حقیقی جمہوریت کو، لوگ جی ٹی روڈ پر رل رہے ہیں اور یہ خود کہیں اور بیٹھا ہے۔ موجودہ مخلوط حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے کوشاں ہے۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ قوم نے 75 سالوں تک پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کا دفاع مضبوط بنایا ہے، اداروں کی آزادی کے حوالے سے عمران خان کے بیان کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان  اقتدار سے نکلنے کے بعد اب بھی وہی باتیں کر رہا ہے جو وہ اقتدار میں کرتا تھا، مہنگائی ختم کرنے کے لئے اگر وہ اپنے دور میں کوئی کام کرتا تو آج ملک کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ کہتا ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص سے مشاورت کی جارہی ہے۔ یہ چاہتا ہے کہ وہ سزا یافتہ رہے مگر اس کے کیسز نہ کھولے جائیں،یہ اداروں کے سربراہوں کو بلیک میل کرکے اپنے دور میں اپنی مرضی کے فیصلے کراتا تھا۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاوہ ایجنڈے کے دیگر امور نمٹائے گئے جبکہ کئی اراکین نے نکتہ ہائے اعتراض پر مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی۔  بعد ازاں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان کی کارروائی جمعرات کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردی۔