اسلام آباد،08نومبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماحنیف عباسی نے کہا ہے کہ فتنہ جلاؤگھیراؤ کی سیاست ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کی سازش ہے،عمران خان 2014 کی طرح دوبارہ ملک کو عدم استحکام کی جانب لے جارہا ہے ، تب نواز شریف کے دور حکومت میں چین کے صدر پاکستان آرہے تھے، اب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 13 ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کویہاں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سندھ کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)راولپنڈی نے گلی گلی جاکر “ون بلینکیٹ” موومنٹ کامیاب کی،آج سندھ کے سیلاب زدگان کیلئے آخری کھیپ روانہ کر رہے ہیں،سامان میں 8 ہزار رضائیاں، کمبل، تکیے ، میٹریس اور دیگر سامان شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک عالمی سازش کے تحت ملک میں فتنہ جلاؤگھیراؤ کی سیاست جاری ہے اور عمران خان اس کا حصہ ہیں،چند لوگوں نے عوام کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں تیس ڈائیلاسز مشینیں ہیں، 110 ڈائیلاسز روزانہ ہونے چاہئیں لیکن 11 ڈائیلاسز ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کو راستوں کی بندش بارے خط لکھا ہے، ایئرپورٹ تک لوگوں کو آمد و رفت کی سہولت ملنی چاہیئے۔
اس موقع پر چوہدری دانیال نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے جمع کروڑوں روپے یومیہ خرچ کیے جا رہے ہیں،، محمد بن سلمان کے دورے کے موقع پر دوبارہ پاکستان کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔