ملتان ؛ انسانی سوداگری اور جبری مشقت کی روک تھام کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد

21

ملتان،16 نومبر (اے پی پی):سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے “انسانی سوداگری اور  جبری مشقت کی روک تھام  ” کے  حوالے  سے   سیمینار بدھ کو یہاں   انسداد تشدد مرکز برائے خواتین میں منعقد ہوا ۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر غضنفر عباس چھینہ ،صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار شہاب الدین ، ایم پی اے ثانیہ کامران، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید سلیم رضا  سیمینار میں شریک ہوئے ۔

وزیر سوشل ویلفیئر غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ انسانی سوداگری پر سزاؤں کے لیے سٹیج ہولڈرز کے مضبوط روابط ضروری ہیں۔انہوں  نے  کہا کہ انسانی سوداگری کے جرم کو نان کمپاؤنڈ ایبل بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ وزیر لائیو سٹاک سردار شہاب الدین نے کہا  کہ قانون اور انصاف کی بالادستی کے بغیر نظام کی درستگی ممکن نہیں ، پی ٹی آئی قائد عمران خان کا منشور ہی انصاف اور قانون کی بالادستی پر مبنی معاشرے کا قیام ہے۔

ایم پی اے ثانیہ کامران نے کہا کہ انسانی سوداگری جدید دور کی غلامی کی قسم ہے، انسانی سوداگری کا انسداد معاشرتی کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے۔سی ای او سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سید کوثر عباس نے کہا کہ  جبری مشقت ، پورن ویڈیوز، انسانی اعضاء کی خرید و فروخت بھی انسانی سوداگری کے زمرے میں ہیں۔

 شرکاء نے کہا کہ انسانی سوداگری کا انسداد وقت کی اہم ضرورت ہے ، انسانی سوداگری اور اس پر کارروائی بارے آگاہی ضروری ہے۔وکلاء، سوشل ویلفیئر افسران،پولیس افسران، پراسیکیوشن افسران، سماجی کارکنوں کی سیمینار میں شریک ہوئے۔