ملتان، 25 نومبر(اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے ایم ڈی اے چوک تارضا آباد چوک تک سڑک کی تعمیر کاکام آئندہ ہفتہ سے شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور سڑک کی تعمیر کاکام 1ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن بھی جاری کر دی ہے۔
یہ احکامات انہوں نے ایم ڈی اے چوک تا رضا آباد چوک تک سڑک کی تعمیر کاکام شروع کروانے سے قبل موقع کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری کیے۔ ڈائریکٹر انجینئر نگ عبدالسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن رائے محمد ساجد، نیسپاک کے انجینئرز اور کنٹریکٹر بھی موقع پر موجود تھے۔
اس دوران ایم ڈی واسا جواد کلیم اللہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایم ڈی اے چوک تا رضا آباد چوک تک (72) انچ قطر کی پرانی سیوریج لائن جس پر متعدد کراؤن فیلیئر کے واقعات رونما ہو چکے تھے، اسے توڑ کر سینڈ فلنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس دوران نئی واٹر سپلائی لائن بھی ڈالی جاچکی ہے جس پر ایم ڈی واسا نے سڑک کی تعمیر کاکام ہنگامی بنیادوں پر آئندہ ہفتہ سے شروع کرنے کاحکم دیا اور سڑک کی تعمیر کاکام وال ٹو وال مکمل کرنے اور سڑک پر موجود گڑھوں کی ہنگامی بنیادوں پر بیک فلنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔